اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے بلڈنگ پلان کی فاسٹ ٹریک منظوری متعارف کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے پیر کے روز فیسیلٹیشن سینٹر میں بلڈنگ پلان کی کم سے کم وقت میں منظوری کو فاسٹ ٹریک پر یقینی بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔ بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا ہے۔ اس جدید اور تیز ترین نظام کے تحت اب 356 گز کی رہائشی عمارات کو 20 ہزار اضافی فیس کے ساتھ 2دن کے اندر مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ منظور کیا جائے گا، جبکہ 356 گز سے بڑی رہائشی عمارات کو 30 ہزار فیس کے ساتھ منظور کیا جائے گا۔
مزید برآں 10 ہزار مربع گز تک کی کمرشل عمارتیں بھی 3 دن کے اندر منظور کی جائیں گی۔ ان تمام معاملات کے لئے ایک الگ ڈیسک بھی قائم کردیا گیا ہے۔ واضح رہے اس جگہ پر آنے والے شہریوں کو الگ سے ون ونڈو کی لائن میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا. اسی طرح یہاں پر آنے والے شہریوں کے لئے ایک اچھے ماحول میں بیٹھنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے. فاسٹ ٹریک سروس میں آنے والے شہری ٹوکن حاصل کرنے کے بعد اپنے نمبر پر متعلقہ ڈیسک پر جاسکیں گے۔ اور اپنے کیس کو متعلقہ ڈیسک سے پراسس کروا سکیں گے۔
علاوہ ازیں، اسی طرح کاغذی دستاویزات مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو بلاوجہ انتظار بھی نہیں کرنا پڑے گا۔ اور اسکے کیس کو فوری طور پر منظور کیا جاسکے گا۔ واضح رہے فاسٹ ٹریک سروسز ملک بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی اور جدید سہولت ہے، جس کا دائرہ کار بعد ازاں دیگر ڈیسک تک بھی پھیلایا جائے گا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ