اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے 25 ایکڑ زمین کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں، سی ڈی اے نے ڈی 12 کے قریب 25 ایکڑ زمین کی پیشکش کے ساتھ پی سی بی سے رابطہ کیا۔ سی ڈی اے کے چیئرمین نور الامین مینگل کا کہنا تھا کہ میں نے چند روز قبل پی سی بی کے اعلیٰ افسران سے بات کی ہے اور انہیں بتایا ہے کہ سی ڈی اے نے اس منصوبے کے لیے 25 ایکڑ زمین مختص کی ہے۔ اگلے ہفتے سی ڈی اے اور پی سی بی اس پر میٹنگ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے پاس ڈی 12 اور شاہ اللہ دتہ کے قریب 150 ایکڑ زمین ہے جسے کھیلوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ اسٹیڈیم کے لیے کُل اراضی میں سے 25 ایکڑ پی سی بی کو دی جائے گی اور ہم باقی زمین پر کھیلوں سے متعلق دیگر سہولیات تیار کریں گے۔ مزید یہ کہ مارگلا کے دامن میں واقع کرکٹ اسٹیڈیم کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے۔ علاوہ ازیں یہ سہولت بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے لیے بھی استعمال کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سی ڈی اے نے گذشتہ ہفتے شاہ اللہ دتہ میں ملٹی پرپز سپورٹس کمپلیکس بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اسپورٹس انکلیو میں والی بال، راک کلائمبنگ، زپ لائن اور کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات موجود ہوں گی۔ اور یہ سی ڈی اے کی 300 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ یہ اراضی ماحولیات اور صحت کی سرگرمیوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔