اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپٹن (ر) انوارالحق کی ہدایات پر اسلام آباد کے قدرتی مناظر کو ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ سے بچاؤکے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر I-13 شمس کالونی میں پلاسٹک سے چلنے والے کارخانے کا دھواں علاقے میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہا تھا۔ کارخانے کے مالک کا چالان کر کے سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سینئر سپیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کے کارخانوں کو فوری سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو قید و جرمانہ کی سزا سنائی اور حوالات میں بند کروا دیا۔
مزید یہ کہ چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے کچھ روز قبل انفورسمنٹ، انوائرمنٹ اور سینی ٹیشن ونگ کو اسلام آباد کے قدرتی مناظر کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے کی ہدایات کیں۔ اور اسموگ سے پاک رکھنے کے لیے ذمہ داران کے خلاف فوری طو ر پر بلا تفریق اور بلا تعطل آپریشن جاری رکھنے کو کہا۔ بصورت دیگر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید برآں گرین ایریاز میں ریت بجری کے ڈھیر لگانے والے دو ملزمان کو بھی پولیس حراست میں لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں قید و جرمانہ کی سزائیں سنائی گئیں۔اور حوالات میں بند کروا دیا گیا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ