وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ نے سیکٹر ای 11 اور سی 14 کے لے آؤٹ پلان پر نظرِ ثانی کی منظوری دے دی۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق چیئرمین کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس کی زیرِصدارت سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی ایجنڈوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ نے مذکورہ دونوں سیکٹرز کے لے آؤٹ پلان پر نظرِ ثانی کی منظوری دی۔ جس کے باعث 103 کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کی اجازت دی گئی جو اس سے قبل عمودی عمارات کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے تھے۔
سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ ای 11 ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا سیکٹر ہے اور مذکورہ پلاٹس مجموعی طور پر 40 ارب روپے سے زائد کمانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ توقع ہے، آئندہ نیلامی میں سی ڈی اے مذکورہ پلاٹوں کی پہلی کھیپ نیلامی کے لیے پیش کرے گا۔
حکام کے مطابق سی ڈی اے بورڈ نے سی 14 کے نظرثانی شدہ لے آؤٹ پلان کی بھی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں بورڈ نے سیکٹر ایف 5 میں میریٹ ہوٹل سے ملحقہ فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے پلاٹ کی نیلامی کی بھی منظوری دی۔
سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ ہوٹل کی تعمیر کے لیے پلاٹ کی نیلامی کی سمری حکومت کو بھجوائی جائے گی اور حکومت سے منظوری ملنے کے بعد، سی ڈی اے پلاٹ کی نیلامی کرے گا کیونکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث دارالحکومت میں نئے ہوٹلوں کی اشد ضرورت ہے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔