اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈٰی اے) نے پری مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے پلان کی منظوری دے دی۔
سی ڈی اے کے حالیہ اجلاس میں چئیرمین اور چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے ممکنہ سیلاب سے بچاؤ اور ایمرجنسی رسپانس کے لیے وسائل مختص کرنے کے پلان کی منظوری دی۔
حکام کے مطابق شہر میں موجود نالوں کی نقشہ سازی کی جائے گی اور دستیاب ڈیٹا کو زیرِ استعمال لایا جائے گا۔
علاوہ ازیں سی ڈی اے چئیرمین کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ ہمہ وقت مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ بالخصوص وہ مقامات جن کو سیلاب سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، وہاں فوری طور پر مانیٹرنگ کیمپ لگائے جائیں۔ اجلاس میں کچی آبادیوں اور حساس علاقوں کی خصوصی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید براں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کو مربوط کرنے کے لیے متعلقہ اداروں جیسے کہ خوراک، لائیو اسٹاک اور آئیسکو جیسے محکموں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ ان کے تمام وسائل کو ممکنہ صورتحال میں بروئے کار لایا جا سکے۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔