اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے نئے سیکٹر ای 12/4 کی آبادکاری کے لیے ترقیاتی کاموں کے جلد آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق ادارے کو نئے سیکٹر ای 12/4 میں ترقیاتی کاموں کے لیے جو بولیاں موصول ہوئی تھیں وہ گزشتہ ہفتے کھول دی گئیں اور سب سے کم بولی 28 کروڑ 90 لاکھ روپے کی موصول ہوئی۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ شہر کی تعمیر و ترقی بالخصوص سیکٹر ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت سیکٹر ای 12/4 کے ترقیاتی کاموں میں ڈرینج سسٹم، واٹر سپلائی، سیوریج نیٹ ورک، مرکزی شاہراہوں سمیت رابطہ سڑکوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت دیگر ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔
واضح رہے عرصہ دراز سے اسلام آباد کے ایسے سیکٹر جہاں ترقیاتی کام التواء کا شکار تھے۔ موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی دلچسپی کے باعث ان تمام سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کا اجراء کیا جا رہا ہے۔
کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے سیکٹرز کی آبادکاری سے شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا اور اسکے ساتھ ساتھ شہریوں کو اعلی طرزِ زندگی اور معیاری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی میں بھی آسانیاں پیدا ہونگی۔