اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے جی نائن مرکز کی ترقی کو ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سڑکوں کی از سر نو تعمیر، پارکنگ پلازہ کی تعمیر، فٹ پاتھوں کی مرمت، فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کے کام اس ترقی میں شامل ہیں۔ آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے یہ بات ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن G-9 مرکز کے ایک وفد سے خطاب کے دوران کہی۔
احسن ظفر بختاوری نے کراچی کمپنی میں 40 سال پرانے، خراب اور لیکج کے شکار سیوریج سسٹم کو تبدیل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آئی سی سی آئی کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ G-9 مرکز دارالحکومت کے سب سے بڑے تجارتی مراکز میں سے ایک ہے لیکن ترقیاتی کاموں کی کمی کی وجہ سے اسے متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن G-9 مرکز کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے بھی اپنی مارکیٹ کے اہم مسائل بیان کیے اور اس بات کی نشاندہی کی کہ G-9 مرکز سی ڈی اے کے لیے ریونیو پیدا کرتا ہے لیکن اس کے باوجود ترقیاتی کاموں کی کمی بدقسمتی ہے.
انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ اس اہم کاروباری مرکز کی بہتر ترقی پر توجہ دے تاکہ تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ نیز اسلام آباد میں تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔