کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز کے فوری اجراء کے احکامات جاری کر دیے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقدہ اعلٰی سطحی اجلاس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پی ایس ڈی پی میں شامل جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کر کے انکی بروقت تکمیل یقینی بنائے جائے جبکہ صوبے کے لیے مجوزہ نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء کا تناسب برقرار اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پی اینڈ ڈی کی مجاز اتھارٹی اور محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کے اجراء میں توازن قائم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ پیکج میں شامل ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی کو کوئٹہ پیکج پر عملدرآمد کی پیش رفت میں اضافے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کو بروقت فنڈز کا اجراء یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس کو محکمہ پی اینڈ ڈی کی تنظیم نو اور محکمے میں اصلاحات لانے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس نے تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں منظوری کے لیے صوبائی کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کو پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں کے مجوزہ ترقیاتی ایکشن پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ایکشن پلان میں روڈ نیٹ ورک کے زریعہ سرحدی علاقوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کی تجویز شامل ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکشن پلان کو عملی جامہ پہنانے سے سرحدی علاقوں میں روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ اجلاس نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ایکش پلان میں شامل منصوبوں کا پی سی ون بنانے کی ہدایت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت سے معاونت حاصل کی جائے گی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔