اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی تاریخ میں پہلی بار پراپرٹی کی منتقلی کے لیے خود کار نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے چئیرمین نور الامین مینگل کے احکامات کے مطابق ممبر اسٹیٹ افنان عالم کی زیر نگرانی پراپرٹی منتقلی کا خود کار نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے تحت ہر پراپرٹی کو ایک منفرد کوڈ الاٹ کیا جائے گا۔ اور یہ پراپرٹی کو ٹریس کرنے میں مددگار ہو گا۔ سی ڈی اے ہسٹری میں پہلی بار ون ونڈو آپریشن مکمل طور پرخود کار نظام کے تحت کیا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ پراپرٹی خریدنے اور فروخت کرنے والوں کے بائیو میٹرک نشانات لیے جائیں گے۔ اور اس کے بعد کیس خود کار نظام کے تحت پراسس میں آجائے گا۔ جبکہ ایڈمیٹنگ اور مینجمنٹ سے تصدیق کے بعد ایک کلک پر نیا ٹرانسفر لیٹر ایشو ہو سکے گا۔
خیال رہے کہ بائیو میٹرک کا نظام نادرا کے ساتھ منسلک ہے۔ اور اسی کے تحت پراپرٹی کی لین دین اور خرید و فروخت کرنے والوں کی تفصیلات جمع ہو سکیں گی۔ خود کار نظام کا مقصد بوگس اورغلط فائلز پر الاٹ کیے گئے پلاٹس کی روک تھام ہے۔ نیز ممبر اسٹیٹ کی سربراہی میں 18 جولائی سے یہ نظام باضابطہ نافذ العمل ہوگا۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔