گھر کا ڈیزائن لوگوں کو آپ کے جمالیاتی ذوق کے بارے میں بتانے کے لیے کافی ہوتا ہے۔ آپ کے گھر لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ لوگ باہر سے گھر پر ایک نظر ڈالتے ہی گھر کے بارے میں اور گھر کے اندر مقیم افراد کے بارے میں اپنی راۓ بنا لیا کرتے ہیں۔ یقیناَ یہ بات اس امر کی اہمیت کی نشاندھی کرنے کو کافی ہے کہ گھر کا بیرونی حصہ اور اس کا ڈیزائن کس قدر اہمیت کا حامل ہے۔ آج کی تحریر اسی بارے میں ہے۔ اس تحریر کا مطالعہ کرنے کے بعد آپ کو ایسے بےتحاشا آئیڈیاز ملیں گے کہ جن سے آپ اپنے اندر کے جمالیاتی ذوق کو دنیا کے سامنے لا سکتے ہیں۔
گھر کے آؤٹ ڈور کی اہمیت
یوں اگر دیکھا جائے تو بیرونی حصہ بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا گھر کا اندرونی حصہ۔ بہت سے لوگ گھر کے اندرون پر بہت سی رقم خرچ دیتے ہیں یہ سوچ کر کہ باہر سے جب کوئی اندر آئے تو بس گھر کا اندر اتنا خوبصورت ہو کہ اُنھیں باقی کسی چیز کا خیال نہ رہے۔ مطالعے اور مشاہدے سے معلوم ہوا کہ یہ تاثر اتنا دُرست نہیں ہے جتنا مانا جاتا ہے۔ گھر کے اندر کی تزئین و آرائش جتنی بھی حسین اور دلکش ہو، بیرونی حصے کی خوبصورتی اُس کی ترجمانی کے لیے بہت اہم ہے۔
انگریزی کا مقولہ ہے کہ پہلا تاثر ہی آخری ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی پر آپ کا پہلا تاثر اچھا پڑ گیا تو اس پر آپ کی شخصیت کا اثر باقی رہے گا۔ اس کے برعکس اگر پہلا تاثر ہی غلط پڑ گیا تو پھر جتنی بھی کوشش کرلی جائے، اُس کی درستگی مشکل سے ہی ہوتی ہے۔
گھر کی قیمت پر گھر کی ظاہری شکل کا اثر
مکان کا بیرونی حصہ ڈیزائن کرنا اور اچھے سے ڈیزائن کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔ اس میں انسان کی اپنی سوچ، اپنی پسند نا پسند، رنگ و روغن، میٹریل اور ظاہری منظر کا بہت سا عمل دخل ہوتا ہے۔ لیکن اگر یہ مرحلہ کامیابی سے طے کرلیا جائے تو آپ کے گھر کی قیمت کو پر لگ سکتے ہیں۔
لوگ عموماً تصاویر یا باہر سے گزرتے گزرتے ایک گھر کو دیکھ کر ششدر رہ جاتے ہیں۔ وہ اس خواہش کا اظہار کرتے ہیں کہ کاش ایسا گھر ہمارا بھی ہوتا۔ بلکل یہی جملے آپ کے گھر کے لیے بھی ادا ہوسکتے ہیں مگر ان تمام باتوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے۔ وہ تمام باتیں کون سی ہیں، آئیں جائزہ لیتے ہیں۔
اپنی پسند کو ملحوظِ خاطر رکھیں
گھر انسان اپنے لیے بناتا ہے۔ اس میں اسی کو سکون میسر آتا ہے اور اسی نے وہاں روز رہنا ہوتا ہے۔ گھر روز روز نہیں بنائے جاتے۔ انسان اپنی زندگی کی ساری جمع پونجی ایک گھر کی تعمیر میں لگا دیتا ہے۔ اُس گھر کی تعمیر میں اسی کی پسند کا خیال بھی ہونا چاہیے نہ کہ کسی اور کا۔ لہذا سب سے پہلے آپ نے خود سے سوال کرنا ہے کہ آپ کو کیسا گھر اور اُس کا کیسا ڈیزائن چاہیے۔
اس ضمن میں دیگر لوگوں سے مشورے ہوسکتے ہیں لیکن حتمی تصویر میں آپ کی امنگوں کی ترجمانی بہت ضروری ہے۔ اپنا بجٹ دیکھیں اور خود سے ایک اچھے ڈیزائن پر خرچ کرنے کی وجہ معلوم کریں۔ خود سے پوچھیں کہ آپ کو ایک روایتی ڈیزائن چاہیے یا آپ کا دل آج کل کے جدید بیرونی ڈیزائنز کی طرف مائل ہے۔ خود سے پوچھیں کہ تمام تر دنوں میں آپ کو کس ڈیزائن سے متاثر کیا اور آپ اپنے گھر کی تصویر سے اپنی شخصیت کے کس پہلو کو نمایاں رکھنا چاہتے ہیں۔
بہترین آؤٹ ڈور ڈیزائنز کے لیے تحقیق کریں
جب ابتدائی سوالات کے جوابات میسر آجائیں تو اگلا مرحلہ تحقیق کا آتا ہے۔ خود کو تھوڑا وقت دیں اور جلدبازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں۔ بین الاقوامی جریدے دیکھیں اور وہاں سے آئیڈیاز لیں۔ انٹرنیشنل ویب سائٹس کا معائنہ کریں جہاں بہترین ڈیزائنز کی تصاویر میسر آسکیں۔
اب آپ کے ذہن میں یہ بات آئے گی کہ ایسا بنانے کے لیے تو بہت سی رقم درکار ہوگی۔ ایسا نہیں ہے۔ ضروری نہیں ہے کہ من و عن اسی طرح کا ڈیزائن کاپی کیا جائے، بلکہ آپ یوں کر سکتے ہیں کہ وہاں سے ایک آؤٹ لائن لے سکتے ہیں جس سے آپ کا ذہن کھلے گا اور آپ ایک بہتر انداز میں اپنے گھر کی تعمیر کر سکیں گے۔ خود سوچیں کہ اگر آپ ایک بار بغیر تحقیق کے گھر بنا لیں اور بعد میں کسی دن آپ کی نظر ایک شاندار بیرونی ڈیزائن پر پڑ جائے، تو آپ ایک بار افسوس ضرور کریں گے کہ کاش میں تحقیق پہلے کرلیتا، اور بلکل ایسا نہیں مگر اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے اس جیسا ڈیزائن ضرور بنا لیتا۔
رنگ و روغن، ایک ضروری پہلو
پینٹ ایکسٹیریر ڈیزائن کا اہم ترین پہلو ہے۔ دن میں کئی بار لائٹنگ تبدیل ہوتی ہے۔ آپ کو اس بات کا اطمینان کرنا ہے کہ آپ اُن رنگوں کا انتخاب کریں جو کہ ہر طرح کے موسم میں سب سے منفرد اور اچھا نظر آئے۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ گھر بنانے اور سجانے میں اُنھیں سب سے زیادہ وقت گھر کے بیرونی حصے کے ڈیزائن میں لگا۔ یہاں مکمل طور پر آپ کی اپنی چوائس کار فرما ہوگی۔
عموماً انسان کو ایک رنگ بہت پسند ہوتا ہے۔ لیکن آجکل ایک رنگ کا دور گیا اور اب لوگ مختلف رنگوں کے امتزاج یعنی کامبینیشن کے ساتھ کھیلا کرتے ہیں۔ اس کا طریقہ یہ ہونا چاہیے کہ پہلے ایک رنگ منتخب کریں اور پھر اس کے کامبینیشن کی ریسرچ کریں۔ یوں آپ کا دل کسی ایک کامبینیشن پر مان جائے گا۔ لیکن یہ ذہن میں رکھیں کہ گھر کے بیرونی حصے میں لکڑی کا کام ہو، سٹون ورک ہو یا مرکرزی دروازے کا رنگ، سب کا اُس کلر کمیبینشن کے ساتھ میل کھانا انتہائی ضروری ہے۔
چند کم خرچ والے مفید مشورے
چند مفید مشورے ایسے بھی ہیں جن پر آپ کا نہ زیادہ بجٹ لگے گا اور نہ ہی اتنا وقت، مگر اس کا اثر آپ کے گھر کے ظاہری حصے پر کافی ہوگا۔ گھر کے باہر خوبصورت لکڑی سے بنا ایک ایسا بورڈ لگائیے جس پر آپ کا ہاؤس نمبر درج ہو۔ ساتھ ہی اپنے گھر کے مرکزی دروازے کو خوبصورت سا رنگ دیں۔
اگر دروازہ خستہ حال ہے تو دروازہ تبدیل کرنا بھی اچھا آپشن ہوسکتا ہے۔ گھر کے باہر ایک دو خوبصورت سے پورچ لائٹس نصب کردیں اور اچھی سی کیاری بنوا کر سلیقے سے اچھے سے پھول لگا دیں۔ آج کل منفرد میل باکس کا بھی رجحان ہے، تو ایک بہترین قسم کا میل باکس بھی لگایا جا سکتا ہے۔ دروازے کے باہر ایک جدید ڈیزائن والا ڈور میٹ رکھ دیں اور باہر نظر آنے والی کھڑکیوں کی صفائی کر کے اُن کے کونوں پر اچھا سا رنگ دے دیں۔ ان تمام پر زیادہ رقم بھی خرچ نہیں ہوگی اور گھر کی ظاہری تصویر بھی بہتر اثر رکھے گی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کے لیے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔