اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ ایروناٹیکل تحقیق میں سی ڈی اے کو سفارشات پیش کی گئی ہیں کہ بلیو ایریا اسلام آباد میں عمودی عمارات کی تعمیری حد 1 ہزار فُٹ مقرر کی جائے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق ایروناٹیکل تحقیق میں سفارش کی گئی ہے کہ بلیو ایریا کے سیکٹرز جی 6/ ایف 6 سے لیکر ایف 10/ ای 10 کی حدود میں تعمیر کی جانے والی عمودی عمارات کی تعمیری حد 1 ہزار فُٹ مقرر کی جائے جبکہ ایف 10 کی حدود سے آگے تعمیر کی جانے والی بلند عمودی عمارات کی تعمیری حد 450 فُٹ مقرر کی جائے۔ ایروناٹیکل تحقیق میں ایف 10 سے آگے کی تعمیرات کے لیے سول ایویشن اتھارٹی سے منظوری کی سفارش کی گئی ہے۔
بلیو ایریا شہر کا سب سے بڑا کاروباری مرکز ہے جس کی حدود کا آغاز سیکٹر ایف 6/جی 6 سے ہوتا ہے اور ایف 17/ ای 17 پر اس کی حدود ختم ہو جاتی ہیں۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ سیکٹر ایف 10/ای 10 کے بعد کا علاقہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کی جانب بڑھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے آگے کی تعمیرات کے لے سول ایویشن اتھارٹی سے منظوری کی سفارش کی گئی ہے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بلیو ایریا میں بلند وبالا عمارات کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ تحقیق کی روشنی میں سی ڈی اے قوانین میں تبدیلی کے بعد مجوزہ سفارشات لاگو کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایویشن اتھارٹی نے پاک فضائیہ کے ساتھ مل کر یہ ایروناٹیکل تحقیق کی۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے حکام اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے بلائی گئی میٹنگز میں شرکت کی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔