حکومتِ پنجاب نے مری کی چھ نمایاں سڑکوں کی تعمیرِ نو کے لیے 8 ارب روپے مختص کر دیے۔
حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے مری میں سڑکوں کی تعمیرِنو کا عمل شروع کر دیا ہے۔ سیاحوں کی دلچسپی کے مرکز ملکہ کوہسار میں آمد و رفت کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے سڑکوں کی تعمیرِ نو کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ کلر دھن گلی روڈ کے لیے 1 ارب 51 کروڑ روپے، کہوٹہ جیوڑہ روڈ کے لیے 1 ارب 11 کروڑ روپے، جیورا – پنجار تا پنجار – نار روڈ کے لیے 1 ارب 63 کروڑ روپے، راولپنڈی تا لہتراڑ کوٹلی ستیاں روڈ کے لیے 1 ارب 23 کروڑ روپے اور چراہ چوک تا تابان براستہ کرور روڈ کے لیے 1 ارب 9 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اور مقامی ایم این اے صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ صوبائی انتظامیہ نے مری اور گرد و نواح کے اضلاع میں سڑکوں کی تعمیرِنو کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد کی جانب سے سڑکوں کی بحالی کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مری ہل سٹیشن کے لیے ایک نئی ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی قائم کرنے جارہی ہے جو دیگر شہروں کی اتھارٹیز کی طرز پر کام کرے گی۔ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قانون سازی بھی کی جائے گی۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔